کوئٹہ، کرپشن اور ملک ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے،سراج الحق
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کرپشن اور ملک ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے،
نظریاتی کرپشن کی وجہ سے ملک سے سودی نظام ختم نہیں ہوا اور ملک دولخت ہونے
کے علاوہ صوبائیت میں تقسیم ہوا، ہم اپنی احتساب سب کا مہم کو آگے بڑھائیں
گے اور کسی ایسے ڈائیلاگ کا حصہ نہیں بنیں گے جو کرپشن کو تحفظ دیتا ہو۔
کوئٹہ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں سب
کا بلاتفریق احتساب ہونا چاہیے اور ہم اپنی 'احتساب سب کا' مہم کو آگے
بڑھائیں گے،امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آرٹیکل 62 اور 63 کی شق تمام لوگوں
پر لاگو ہونی چاہیے اور آئین سے صادق اور امین کی شق کو ختم نہیں کرنے دیں
گے، ملک میں سیاستدانوں سمیت سب کااحتساب چاہتے ہیں، کرپٹ لوگوں کے کتے
مکھن کھاتے ہیں لیکن غریب علاج اور روزگار سے بھی محروم ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ دولت لوٹنے والوں کو پکڑا جاتا ہے تو کہا
جاتا ہے کہ جمہوریت کو خطرہ ہے، نواز شریف کو نااہل کیا گیا تو کہا گیا سب
ادارے غلط ہیں، ڈائیلاگ ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لیے کرنا چاہییں تاہم
جماعت اسلامی ایسے کسی ڈائیلاگ کو نہیں مانتی جو کرپشن کو تحفظ فراہم کرتا
ہو۔