لاہور،صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس
صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان
رفیق نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام ٹیچنگ ہسپتال ڈینگی کے مریضوں کے علاج
اور نگہداشت کے حوالے سے ایس او پیزپر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور
ڈینگی مریضوں کے علاج پر صرف ڈی ای اے جی سے تربیت یافتہ ڈاکٹرز تعینات کئے
جائیں۔
سول سیکرٹریٹ میں ڈینگی کے علاج معالجہ اور کیس مینجمنٹ کے حوالے سے ٹیچنگ
ہسپتالوں میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ہسپتالوں کے انتظامی سربراہان
کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام ہسپتال ڈینگی
سیزن کے دوران پوری طرح الرٹ رہیں اور کے پی کے میں ڈینگی کی وباء کے پیش
نظر راولپنڈی کے ہسپتال خاص طو رپر الرٹ رہیں کیونکہ راولپنڈی میں خیبر
پختونخواہ سے ڈینگی کے مریض آسکتے ہیں۔ انہو ں نے عید الاضحی کے پیش نظر
کانگووائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور
تمام حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں میڈیکل کالجوں کے پرنسپل اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے میڈیکل
سپرنٹنڈنٹس نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ ، سپیشل سیکرٹری
ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور ڈاکٹر صومیہ اقتدار پی آئی ٹی بی کے افسران بھی
اس موقع پر موجود تھے۔