Aug 21, 2017 01:27 pm
views : 581
Location : Lahore High Court
Lahore- Lawyers Clash a Lahore High Court
لاہور،ملتان بار کے صدر کی گرفتاری کا حکم،مال روڈ میدان جنگ بن گیا
لاہورہائیکورٹ میں ملتان بارتوہین عدالت کیس کی سماعت کے موقع پر عدالتی
احاطے میں وکلا کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، وکلا نے عدالت کے احاطے میں نعرے
لگائے اور مشتعل وکیلوں نے عدالت کو جانے والے راستے کا گیٹ توڑ دیا،پولیس
کی بھاری نفری وکلا کے سامنے کھڑی ہوگئی، وکلا کے ایک گروپ نے جی پی او میں
مظاہرہ کیا۔
توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران فل بینچ نے ہائیکورٹ بار ملتان کے صدر
کو گرفتار کرکے کل پیش کرنے کا حکم دیا، عدالت نے آر پی او ملتان کو حکم
دیا کہ شیر زمان قریشی کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے جبکہ چیف جسٹس لاہور
ہائیکورٹ نے ر یمارکس دیے کہ عدالت کا تقدس اہم ہے اس پر کوئی سمجھوتا نہیں
ہوگا۔
ملتان بار کے صدر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی پر آپے سے باہر ہوئے
وکلا کے احتجاج اور پولیس کی شیلنگ سے مال روڈ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے
لگ گیا ہے۔
صورت حال اس وقت خراب ہوئی جب وکلا نے ججز گیٹ سے لاہور ہائیکورٹ میں داخل
ہونے کی کوشش کی، پولیس کے روکنے پر وکلا نے جی پی او چوک میں شدید نعرے
بازی کرنے کے ساتھ عدالت کے احاطے میں لگے واک تھرو گیٹ کو توڑ دیا جب کہ
کئی وکلا نے ڈنڈوں کے ساتھ چیف جسٹس کے داخلی گیٹ پر دھاوا بول دیا۔ ان کا
کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ فوری طور پر ملتان بار کے صدر شیرزمان قریشی
کی گرفتاری کا حکم واپس لے اور اس کیس کو مزید نہ سنا جائے۔
پولیس نے مشتعل وکلا کو روکنے کیلئے واٹر کینن اورآنسو گیس کا استعمال شروع
کردیا ،جب کہ وکلا نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے پتھر برسانا شروع
کردیئے، شیلنگ اور پانی کی توپ کے استعمال سے کئی وکلا کی حالت بگڑ گئی
جنہیں میو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔