اسلام آباد، ایاز صادق کی رہائش گاہ پر سیاسی رہنماؤں کا اجلاس
اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی رہائش گاہ پر سیاسی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔
شہبازشریف، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ آصف کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے جہاں وہ پنجاب میں حکومت سازی اوروفاق میں اپوزیشن کے حوالے سے اہم سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔
اسلام آباد میں اسپیکر ایاز صادق کے گھر سیاسی قائدین جمع ہوئے جس میں (ن) لیگ، پیپلزپارٹی، ایم ایم اے اور اے این پی کے رہنما شامل تھے۔
اجلاس میں شہباز شریف، ایاز صادق، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، مشاہد حسین سید، عبدالقادر بلوچ، شاہد خاقان عباسی اور دیگر (ن) لیگی رہنما بھی موجود تھے۔
پیپلزپارٹی کے وفد کی قیادت خورشید شاہ نے کی۔وفد میں شیری رحمان اور نوید قمر شامل جب کہ غلام بلور، میاں افتخار، مولانا فضل الرحمان اور مولانا انس نورانی بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہناہے کہ شہبازشریف نے اسلام آباد آمد سے قبل نوازشریف سے ملاقات اور ان کی صحت دریافت کرنے کے لیے حکام سے درخواست کی تھی تاہم انہیں تاحال ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ شہبازشریف پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے جس میں قومی اسمبلی میں حلف لینے اور مشترکہ اجلاس کی حکمت عملی سمیت پنجاب میں حکومت سازی کے معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔