کراچی ، آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ کلفٹن میں نئے بلاک کا افتتاح کردیا
آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ کلفٹن میں اے ڈی خواجہ کے نام سے منسوب نئے بلاک کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ غلام قادر تھیبوسمیت ایڈیشنل آئی جیز کراچی،سندھ،اسپیشل برانچ زونل ڈی آئی جیز ایسٹ وساؤتھ کراچی کے علاوہ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی،ایس ایس پی ساؤتھ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔علاوہ اذیں تقریب میں پاکستان شو بز تعلق رکھنے والے معروف فنکار انور مقصود جاوید شیخ، بہروز سبزواری اور سول سوسائٹی کے ممبران نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام ڈی آئی جی ڈی ایل سندھ فرحت علی جونیجو نے کیا اور شرکت کرنیوالے تمام مہمانان گرامی کا پرجوش استقبال کیا۔
ڈی آئی جی ڈی ایل سندھ نے دوران خطاب ڈرائیونگ لائسنس کے حصول اور فراہمی کے جملہ جدید مراحل سمیت ون ونڈو آپریشن اور آن لائن سہولیات کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ نئے تعمیر ہونیوالے اس بلاک کو سابقہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ صوبے میں موجود تمام ڈی ایل برانچز بشمول ناظم آباد،حیدرآباد، شہیدبینظیرآباد،اورمیرپور خاص کی تزئین وآرائش ودیگر تعمیراتی امور پر5.33ملین کی رقم خرچ کرکے مذکورہ تمام برانچوں کے جملہ امور کو مذید سہولیات سے آراستہ کیا گیا۔
آئی جی سندھ نے اپنے خطاب میں سابقہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی جانب سے سندھ پولیس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور باالخصوص رینج کی سطح پر پولیس فیسلیٹیشن سینٹرز کے قیام اور انھیں اسٹیٹ آف آرٹ بنانے جیسے اقدامات کی تعریف کی۔ پولیس فیسلیٹیشن سینٹرز کے ضلعوں کی سطح پر قیام کے جملہ امور کا جلد سے جلد آغاز کرکے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے عمل کو مذید بہتر اور مؤثر بنایا جائیگا۔
امجدجاوید سلیمی نے کہا کہ سڑکوں پر جان لیوا حادثات کے انسدادی اقدامات میں سب سے بہتر عمل اہل اور قابل ڈرائیورز کو لائسنس کا اجراء ہے۔ ٹریفک پولیس اپنے فرائض منصبی کی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہی کہ شہریوں کو بھی ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور پاسداری کا پابند بنانیکے لیئے ٹریفک پولیس افسران خصوصی اقدامات کریں۔