چودہ اگست1947ءکا دن بر صغیر کی تاریخ میں بڑا اہم دن ہے۔
مسلمانوں کو یہ دن سالہا سال کی بھرپور جہدوجہد ، کشمکش اور قربانیوں کے بعد حاصل ہوا تھا ۔ ہر طر ف خوشیوں کے شادیانے بجنے لگے ، ہر گلی کوچے میں چراغاں کا سماں تھا اِدھر آزاد پاکستان میں خوشیاں منائی جارہی تھیں اُدھر ہندوستان میں رہ جانے والے مسلمانوں کو ایک منظم سازش کے تحت صفحہ ہستی سے مٹایا جارہا تھا۔ مسلمانوں کے گھروں کو نذر آتش کرکے ان پر ایسے ایسے مظالم توڑے جارہے تھے کہ انسانی تاریخ میں ان کی مثال نہیں ملتی۔
برصغیرمیں ہر طرف قتل و غارت کا میدان گرم تھا۔ بے شمار معصوم بچے ، عورتیں ، جوان اور بوڑھے افرادظالم اور متعصب ہندﺅں اور سکھوں کی بربریت کا نشانہ بن گئے۔اور بالآخر ہندوستان میں رہ جانے والی مسلمانوں کی عظیم اکثریت بھی اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئی۔
الحمد اللہ اب پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے آزاداور خود مختار ملک بن چکا ہے اور انشااللہ تعالٰی قائم و دائم رہے گا۔14اگست کا دن یوم مسرت بھی ہے اور یوم احتساب بھی ، اگر ہمیں اپنی آزادی عزیز ہے تو اس کی تعمیر و ترقی اور تحفظ کے لئے ہمیں اپنی تمام تر قوتوں کوایک قوم بن کر صرف اور صرف پاکستان کے لئے وقف کرنا ہوگا۔