راولپنڈی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا آئی ایس پی آر کا دورہ
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ریاست نے انتہاپسندی و دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈایریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس پی آر کا دورہ کیا۔
آرمی چیف نے آئی ایس پی آر میں انٹرنیز سے ملاقات کی اور انٹرن شپ مکمل کرنے پر طلباء کو مبارکباد دی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پورا اعتماد ہے کہ پاکستان کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو محسوس کر رہے ہیں، نوجوان پاکستان کو امن اور ترقی کے نئے دور کی طرف لے جائیں گے۔ انتہاپسندی و دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ آج جنگ کی نوعیت اور کردار بدل چکے ہیں، ہائبرڈ وار میں نوجوان اب ہمارے دشمنوں کا بڑا ہدف ہیں۔نوجوان پْرعزم رہیں اور ایسے تمام خطرات کو شکست دیں۔