اسلام آباد،حکومت پاکستان اور کینیڈا کے عوام کے مفاد میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے، چوہدری فواد
پاکستان میں تعینات کینڈین ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان اور کینیڈا کے عوام کے مفاد میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔پاکستان اور کینیڈا کے مابین مضبوط دو طرفہ تعلقات قائم ہیں، جمہوریت کے فروغ، گڈ گورننس کو یقینی بنانے، اور خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے خیالات میں یکسانیت ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ جمہوری حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے۔اسٹیک ہولڈرز کو نفرت پر مبنی مواد اور فیک نیوز کے تدارک کے لئے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔
کینڈین ہائی کمشنر نے وزیر اطلاعات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے دورے اور ایڈیبل آئل کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے آگاہ کیا۔
کینڈین ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ کراچی میٹروپولیٹن سٹی سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کا اہم مرکز ہے۔پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے مزید ممکنات تلاش کر رہے ہیں۔