Feb 05, 2019 04:46 pm
views : 479
Location : Domestic Place
Islamabad- Kashmir Day, Pasban-e-Huriyat organizes Solidarity Rally
اسلام آباد، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد
پاسبان حریت جموں وکشمیر کے تحت یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے کشمیری
بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی ڈی چوک
سے ہوتی ہوئی نیشنل پریس کلب اسلام آباد پہنچی۔ ریلی کی قیادت وفاقی وزیر
برائے کشمیر امور وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور کررہے تھے۔ ریلی کے
شرکاء اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ ریلی کے
شرکاء کی جانب سے بھارتی ظلم وبربریت کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی گئی۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی امین خان گنڈاپور کا کہنا
تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام اپنے آباؤاجداد کے وقت سے حق خود ارادیت کیلئے
جو جنگ لڑرہی ہے اس پر ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی حکومت اور
عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ اخلاقی،سیاسی اور سفارتی طور پر
ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہم بھارت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر ڈھائے جانے
والے مظالم پر تمام بین الاقوامی ادارے اپنا کردار ادا کریں، اقوام متحدہ
کی سلامتی کونسل میں کشمیریوں کے حق میں قرارداد منظور ہونے کے باوجود اب
تک ان کو اپنا حق نہیں ملا۔ ہمیں یقین ہے کہ کشمیری بھائیوں کی قربانیوں کے
نتیجے میں بہت جلد کشمیر آزاد ہوگا اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان
بنے گا۔ کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور مودی سرکار باز آجائے، مذاکرات کی بات کو
ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہم بھارت کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے عیاں
کریں گے۔