Feb 07, 2019 06:17 pm
views : 401
Location : Accountability Courts
Lahore- Assets beyond income, Aleem Khan handed over to NAB on 9-day physical remand
لاہور، اثاثہ جات کیس، عبدالعلیم خان 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
احتساب عدالت نے عبدالعلیم خان کا 9 روزہ جسمانی ریمانڈ
منظور کرتے ہوئے نیب حکام کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو
15 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ نیب حکام نے 15 روزہ جسمانی
ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے علیم خان کے خلاف اثاثہ جات کیس کی
سماعت کی۔ نیب کے وکیل وراث علی جنجوعہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ
عبدالعلیم خان 2003 میں ایم پی اے منتخب ہوئے اس دوران انہوں نے 900 کنال
پراپرٹی بنائی، 2003 میں عبدالعلیم خان نے ڈیرھ کروڑ روپے کا گھر خریدا۔
2005 میں عبدالعلیم خان نے اپنی بیوی کے نام کمپنی بنائی، کمپنی میں بھاری
رقم کی سرمایہ کاری کی۔ 2017 میں انہوں نے بیرون ملک فلیٹ خریدے، لہذا مزید
تفتیش کے لیے علیم خان کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
نیب پراسیکیوٹر تفصیلی رپورٹ لیکر احتساب عدالت میں پیش ہوئے، جس میں کہا
گیا کہ عبدالعلیم خان نے ہیکسم انویسٹمنٹ اوورسیز لمیٹڈ کمپنی یو کے میں
بنائی، ہیکسم انویسٹمنٹ اوورسیز لمیٹڈ کمپنی میں 99 ہزار 52 پاؤنڈ کا حساب
نہ ملا، علیم خان نے آر اینڈ آر انٹرنیشنل ایف زیڈ سی یو اے ای میں
بنائی، انہوں نے جمیرا گاؤں، ویلا اورنج لیک ویلا جمیراگالف دبئی میں اثاثے
بنائے۔
نیب نے کہا آف شور کمپنیوں کے پیسے کہاں سے آئے، عبدالعلیم خان جواب نہ
دے سکے، پاکستان میں کئی انوسٹمنٹ کی گئی، مگر پیسے کہاں سے آئے جواب نہ
دیا گیا، زمین کی خریداری کے لئے رقم کہاں سے آئی عبدالعلیم خان جواب نہ
دے سکے، آف شور کمپنیوں اور آمدن سے زائدا ثاثوں پر مکمل شواہد احتساب
عدالت پیش کر رہے ہیں۔
یاد رہے قومی احتساب بیورو نے پنجاب کے وزیر بلدیات علیم خان کو آف شور
کمپنیوں اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار کیا جس پر سینئر
صوبائی وزیر نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا۔ علیم خان کو گزشتہ روز نیب نے
چوتھی بار طلب کیا تھا، نیب ٹیم نے 2 گھنٹے پوچھ گچھ کی، جس کے بعد گرفتاری
کیلئے چیئرمین نیب نے سپیکر پنجاب اسمبلی کوآگاہ کیا۔