وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے چڑیا گھر میں جانوروں کی کمی سے سیر وتفریح
کی غرض سے آنے والے شہری مایوسی کا شکار ہوگئے۔ عوام کا کہنا ہے کہ چڑیا
گھروں میں جانور ہی نہیں ہوں گے تو یہاں آکر گھومنے کا کیا فائدہ ہے۔ حکومت
کو چاہیے کہ وہ چڑیا گھر میں جانوروں کی کمی کو فوری طور پر پورا کرے تاکہ
یہا ں پر آکر گھومنے کا مزہ دوبالا ہوسکے۔
اسکردو سے اسلام آباد چڑیا گھر گھومنے کیلئے آنے والے ایک دین محمد کا کہنا
تھا کہ اسلام آباد کا چڑیا گھر بہت خوبصورت تو ضرور ہے مگر یہاں پر
جانوروں کی بہت زیادہ کمی ہے۔ ہرن بھی کم ہیں، شیر بھی صرف ایک ہی ہے۔ ہم
انتظامیہ سے گزارش کرتے ہیں کہ یہاں پر جانور لائے جائیں تاکہ بچوں کو اتنی
دور سے لاکر گھمانے کا کوئی فائدہ تو ہو۔
ایک خاتون نگہت امتیاز کا کہنا تھا کہ چڑیا گھر کے کافی سارے پنجرے خالی
پڑے ہوئے ہیں۔ انتظامیہ خالی پنجروں کو بھرنے کیلئے جانور لائے ، یہاں پر
بہت دور دور سے لوگ آتے ہیں کیونکہ اسلام آباد کا موسم عمومی طور پر
خوشگوار رہتا ہے۔
سیالکوٹ سے آنے والے ایک شہری بلال مغل کا کہنا تھا کہ میں اپنے بچوں کے
ہمراہ سیر وتفریح کیلئے اسلام آباد کے چڑیا گھر آیا ہوں،یہاں پر بچے سیر
کرکے بہت خوش ہوئے ہیں۔
ایک بچے محمد رضا کا کہنا تھا میں مجھے چڑیا گھر اسلام آباد آکر بہت خوش
محسوس ہورہی ہے۔ میں نے یہاں پر بندر، زیبرا دیکھے مجھے بہت مزہ آیا۔