کراچی میں جاری پانچ روزہ پاک بحریہ کی چھٹی کثیر الملکی بحری مشق امن
2019ء آج دوسرے روز میں داخل ہوگئی۔ امن مشق کے دوسرے روز پاک بحریہ کے
جوانوں کی جانب سے دشمنوں سے مقابلہ کرنے کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ
فضائی کرتب بھی دکھائے گئے۔ مختلف ممالک کی بحریہ کے جوانوں نے پیرا جمپنگ
بھی کی جبکہ فضائی ٹروپس اپنے ساتھیوں کی مدد کیلئے بھی بروقت پہنچے۔
امن مشق کے دوسرے روز مختلف ممالک کے فوجی بینڈز نے دھنیں پیش کرکے جوانوں
کے حوصلے بلند کئے۔ امن مشق کے دوسرے دن مختلف ممالک کی بحری فوجوں کی جانب سے پیش کئے جانے والے کرتب اور مظاہروں کو
حاضرین نے خوب داد دی۔
پاکستان کی جغرافیائی اہمیت، پاک چین اقتصادی راہداری اور بحر ہند کی دنیا
اور عالمی معیشت میں اہمیت کے باعث مشترکہ بحری مشق انتہائی اہمیت اختیار
کرگئی ہے جسے امن کیلئے متحد کے عزم سے منسوب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاک بحریہ 2007ء سے کثیر الملکی امن مشقوں کی میزبانی کررہی ہے جو ہر دو سال بعد باقاعدگی کے ساتھ منعقد کی جاتی ہے۔