ون ورلڈ ون فوڈ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹ میں
ایشین فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ فوڈ فیسٹیول میں ایشیاء سے نو ممالک
نے حصہ لیا۔ جن میں افغانستان، تاجکستان، ایران، چائنا، سری لنکا، بھی شامل
ہیں ۔ فوڈ فیسٹیول میں حصہ لینے والے ممالک نے اپنے اپنے اسٹالز میں اپنی
ثقافت اور اپنے منفرد کھانوں کو پیش کیا جسے عوام نے خوب پسند کیا۔
فوڈ فیسٹیول میں ماسی دا ڈھابہ لگانے والی حبیبہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے
پروگرام کا انعقاد بہت بہترین اقدام ہے۔ میں نے اپنے ڈھابے میں ماسی کے
چھولے پٹورے اور اس کے ساتھ املی کی چٹنی اور اچار دے رکھا ہے۔ کافی لوگ
آکر کھارہے ہیں۔ یہ بہت اچھا ایونٹ ہے، جس میں بہت ساری فیملیز آتی ہیں۔
سری لنکا سے تعلق رکھنے والے نور الدین کا کہنا تھا کہ مجھے فوڈ فیسٹیول
میں حصہ لے کر بہت خوشی ہورہی ہے۔ ہر انسان کا ایک ہی طرح کا معدہ ہوتا ہے
اور وہ اپنے معدے کے مطابق خوراک کھاتا ہے۔ اس فوڈ فیسٹیول کے ذریعے اس
پیغام کو عام کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ ہم سب لوگ ایک ہی ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر ون ورلڈ ون فوڈ مہدی کاظمی کا کہنا تھا کہ ہم نے سال 2017ء
میں ایک چھوٹا سا پلیٹ فارم شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد یہ تھا کہ ہم
اکیلے نہیں ہیں ہمارے ساتھ پوری دنیا کے دوست اور ان کی ثقافت جڑی ہوئی ہے
جنہیں غذا، کپڑوں اور ہینڈی کرافٹس کے ذریعے جوڑنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
میری خواہش ہے کہ پوری دنیا کی ثقافت کواسلام آباد میں اکٹھا کروں۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر ون ورلڈ ون فوڈ امبر راویل کا کہنا تھا کہ اسلام آباد
میں ایسی سرگرمیاں کم ہوتی ہیں، اس ایونٹ سے کلچر ڈپلومیسی کو فروغ مل رہا
ہے، اس کے ذریعے فیملی فیسٹیول کا ماحول بھی بہت اہم ہے، یقیناًاس ایونٹ سے
اسلام آباد کے لوگ بہت محظوظ ہوئے ہیں۔