سندھ یونیورسٹی کے زیر اہتمام لاہوتی آرگنائزیشن کے اشتراک سے سندھ
یونیورسٹی جامشورو میں رنگا رنگ لاہوتی میلے 2019ء کا انعقاد کیا گیا۔ میلے
میں طالبات اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ لاہوتی میلہ دو روز
تک جاری رہے گا۔ میلے میں صوبے کی لوک موسیقی بھی پیش کی گئی جبکہ بیرون
ممالک کے موسیقاروں نے بھی اپنی آواز کے جادو جگائے جس سے حاضرین خوب محظوظ
ہوئے۔
میلے میں صوفی ازم کو اجاگر کرنے کے علاوہ صوبائی ثقافت کے پیش نظر ملبوسات
کے اسٹالز بھی لگائے گئے جبکہ میلے میں پیٹنگ کا بھی اہتمام کیا گیا جس
میں طلباء وطالبات نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔
میلے میں معروف فنکارہ اور آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم میکر شرمین عبید
چنائے کی نئی آنے والی شارٹ فلم بھی پردے پر دکھائی گئی جس میں خواتین کو
تشدد کے خلاف صدا بلند کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
میلے میں شریک لالی ووڈ اداکارہ منشاء پاشا کا کہنا تھا کہ دنیا وہی ہوتی
ہے جسے انسان خود بناتا ہے، ایسے ایونٹ سے شعور پیدا ہوتا ہے۔
سندھ یونیورسٹی کے سینئر چیف پروٹوکول آفیسر آصف پرویز کھیڑو کا کہنا تھا
کہ وزیر اعظم عمران خان کا قول ہے کہ میں پاکستان کو اس مقابلے میں کھڑا
کروں گا جہاں امریکا اور برطانیہ کے علاوہ دیگر ترقی یافتہ ممالک ہیں۔
لاہوتی میلے کے آرگنائزر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سیف سمیجو کا کہنا تھا کہ میلے کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا تھا۔