تاجر برادری نے برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں 20 ارب
ڈالر کی سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 20 ارب ڈالر کی
سرمایہ کاری اقتصادی ترقی کا نہ صرف باعث بنے گی بلکہ قومی معیشت کیلئے
سودمند ثابت ہوگی۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر جنید اسماعیل کا
کہنا تھا کہ الحمدو اللہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب میں جاکر جو
معاہدہ کیا اس کی روشنی میں پاکستان کو معاشی مدد بھی مل چکی ہے، اب ولی
عہد آرہے ہیں اور ان کی آمد کے ساتھ ہی بہت سارے مزید معاہدے ہونے جارہے
ہیں جو کہ ہماری معیشت کو آگے لے کر جائیں گے، ارباب اختیار کی جانب سے اس
ضمن میں بہت مثبت کردار ادا کیا جارہا ہے جس کا ہمیں برسوں سے انتظار تھا۔
جنید اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل سعودی عرب کی جانب سے چھ بلین
ڈالرز کی مدد آنی تھی ، تین بلین ڈالر الگ شکل میں اور تین بلین ڈالر الگ
صورت میں مل چکے ہیں لیکن آئندہ دس بلین ڈالر کی لاگت سے گوادر میں آئل
ریفائنری قائم ہونے جارہی ہے ، اس حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی
ہوچکے ہیں۔ وزیر اعظم کے دورے کے دوران سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں
تجارت بڑھانے کی بات کی گئی تھی اور پاکستان سے پانچ چیمبروں پر مشتمل ایک
وفد نے جدہ چیمبر کے عہدیداران سے ایکارڈ سائن کیا کہ بیس بلین ڈالر کی
سرمایہ کاری میں سے کچھ حصہ جوائنٹ وینچر کی شکل اور دیگر فیکٹری اور
انڈسٹری کی شکل میں سی پیک کی چھتری تلے ایک پورٹ فولیو بنایاجائے گا۔