وزیر اطلاعات فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد نے
سعودی جیلوں میں قید 2 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو رہاکرنے کا حکم دیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا
کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کی درخواست
پر پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے، سعودی ولی عہد نے وزیراعظم
کی درخواست کے بعد فوری طور پر سعودی جیلوں میں قید 2 ہزار سے زائد
پاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم ہاؤس میں سعودی ولی عہد کے اعزاز میں دیئے
گئے عشایئے میں وزیر اعظم عمران خان نے شہزادہ محمد بن سلمان سے درخواست
کی تھی کہ سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو رہا کیا جائے۔
دوسری
طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہم بے حد شکر گزار ہیں ولی
عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے جنہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی
درخواست پر فی الفور سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2107 قیدیوں کی رہائی کا
حکم دیا ہے۔ یہ ہمارے لئے بہت بڑی خبر ہے بہت سے پاکستانی خاندان جو عرصہ
دراز سے درخواست کررہے تھے آج ان کی سنی گئی ہے میں اپنی طرف سے پاکستان
کی قوم کی طرف سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا
کرتا ہوں اس خیر سگالی اقدام سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔