Feb 18, 2019 05:28 pm
views : 440
Location : Ministry of Foreign Affairs Office
Islamabad- This is not charity, this is investment, Saudi foreign minister
اسلام آباد، پاکستان کو بھیک نہیں دے رہے بلکہ سرمایہ کاری کررہے ہیں، سعودی وزیرخارجہ
سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھیک نہیں دے رہے بلکہ سرمایہ کاری کررہے ہیں۔
سعودی
وزیرخارجہ عادل الجبیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ
مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے مفاہمتی یاد داشتوں پر
دستخط کیے ہیں تاکہ سمت متعین ہو، ہم نے سرمایہ کاری کا ارادہ ظاہر کیا جسے
پاکستان نے قبول کیا، اب تکنیکی اور مالیاتی شعبے کے ماہرین ان منصوبوں پر
کام کریں گے، منصوبے بنائیں گے اور انہیں عملی جامہ پہنائیں گے،ہم پاکستان
کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، دونوں ممالک میں
دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی تعاون موجود ہے اور گہرے فوجی تعلقات ہیں۔
عادل الجبیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ترقی کے اگلے درجے پر
لے جانے کے لیے پرعزم ہیں، ہم پاکستان کو بھیک نہیں دے رہے بلکہ سرمایہ
کاری کررہے ہیں جس میں دونوں ممالک کا فائدہ ہے، اگر ہمیں پاکستان پر یقین
نہ ہوتا تو کبھی سرمایہ کاری نہ کرتے، پاکستانی شہریوں نے سعودی عرب کی
ترقی میں کردار ادا کیا ہے، سعودی عرب میں 15 لاکھ سے زیادہ پاکستانی محنت
کش کام کررہے ہیں جو امن پسند لوگ ہیں، ہم پاکستانیوں کا کھلے دل سے خیر
مقدم کرتے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات بہت گہرے اور اہم ہیں۔
مسئلہ افغانستان سے متعلق سوال کے جواب میں سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے
کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے طالبان اور افغان حکومت میں امن معاہدہ
کرانے کی کوشش کرتے رہے ہیں، افغانستان میں استحکام سے پاکستان اور سعودی
عرب سمیت پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا، پاک بھارت تنازع میں ہم چاہتے ہیں کہ
دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم ہو اور اپنے اپنے تنازعات کو پرامن طور
پر حل کریں۔