Feb 18, 2019 08:43 pm
views : 482
Location : President House
Islamabad- President Alvi confers Nishan-e-Pakistan on Saudi Crown Prince Mohammad bin Salman
اسلام آباد، سعودی ولی عہد کو اعلیٰ ترین سول اعزاز’’نشان پاکستان‘‘ سے نوازا گیا
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز’’ نشان پاکستان‘‘عطا کیا۔ایوان صدر میں ہونے والی پُروقار تقریب میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزرا،
مسلح فوج کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وزیر اعظم عمران خان کے
ہمراہ بگھی میں سوار ہوکر ایوان صدر پہنچے جہاں انہوں نے صدر ڈاکٹر عارف
علوی سے ملاقات کی۔
تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے دورہ پاکستان پر
شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کے شمالی علاقہ
جات کی سیاحت کی دعوت بھی دی۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ سعودی عرب کو جدید بنانے پر شہزادہ محمد بن سلمان
کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پاکستان اور سعودی عرب دیرینہ دوست ہیں، ہمارا
دوستی کا رشتہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہے، ولی عہد کا دورہ دونوں ملکوں کی
دوستی کو مزید مضبوط کرے گا، پاکستان سعودی عرب سپریم رابطہ کونسل کا قیام
انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف مہم اور خطے میں امن پر دونوں
ممالک کی سمت ایک ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے نادر مواقع موجود ہیں، ہم
نے دہشت گردی کے خلاف بہادری سے جنگ لڑی ہے، شہزادہ محمد بن سلمان پہلے ہی
شمالی علاقہ جات کی سیر کا وعدہ کرچکے ہیں، آپ کو یقینا پاکستان بہت پسند
آئے گا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نشان پاکستان عطا کرنے پر صدر عارف
علوی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی ہنر مند
سعودی عرب میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور مملکت کی ترقی میں اپنا کردار
ادا کر رہے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کےتعلقات اسلامی اخوت کی بنیاد پر
استوار ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔