Feb 18, 2019 09:34 pm
views : 450
Location : Noor Khan Airbase
Islamabad- 'We believe in Pakistan', Crown prince says as he departs from country
اسلام آباد، عمران خان کی عظیم قیادت پاکستان کو درست سمت میں لے جارہی ہے، سعودی ولی عہد
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کو
سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عظیم قیادت پاکستان کو درست سمت میں لے جارہی ہے۔
پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل ہونے کے بعد روانگی کے موقع پر نور خان ایئر
بیس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے
کہا کہ پاکستان جغرافیائی تذویراتی لحاظ سے اہم ملک ہے اور ہم اسے اپنا گھر
سمجھتے ہیں۔
سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ عمران خان کی عظیم قیادت میں پاکستان ترقی
کررہا ہے اور آئندہ سالوں میں بڑی معیشت بنے گا، پاکستان کی ترقی کے بہت
مواقع موجود ہیں اور ترقی کے سفر میں ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، اس لیے اپنا
سرمایہ اور کوششیں یہاں لگارہے ہیں۔
محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ 2030 میں پاکستان دنیا کی دوسری بڑی معیشت بنے گا اور چین
پہلے نمبر پر ہوگا، پاکستان کو یقینا اپنے پڑوسی ممالک سے بہت فائدہ پہنچے
گا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر سعودی ولی عہد
کے خود کو پاکستان کا سفیر کہنے کے بیان کو بہت سراہا گیا، اگر محمد بن
سلمان پاکستان میں الیکشن لڑیں گے تو انہیں مجھ سے زیادہ ووٹ ملیں گے،
پاکستان کو آپ اپنا دوسرا گھر سمجھیں۔
وزیراعظم نے سعودی جیلوں سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر محمد بن سلمان کا
شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں بہت سی مفاہمتی یاد داشتوں پر
دستخط ہوئے اور پہلی مرتبہ باہمی تعلقات تمام شعبوں کا احاطہ کر رہے ہیں،
پاکستان کا جغرافیائی تذویراتی محل وقوع اور سعودی عرب کی بعض شعبوں میں
برتری ان دونوں کے امتزاج سے مستقبل میں بہت فائدہ ہوسکتا ہے۔