پاکستان کی صحافی برادری نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ
حملے کا الزام پاکستان پر عائد کئے جانے کو شرمناک عمل قرار دیتے ہوئے کہا
ہے کہ بھارت اس طرح کے الزامات عائد کرکے اپنی ناکامی کو چھپانا چاہتا ہے۔
اس حوالے سے ایک سینئر صحافی مختار احمد کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے لے
کر اب تک بھارت ہمیشہ پاکستان پر الزامات کی سیاست کرتا ہوا آیا ہے۔ حکومت
پاکستان میں را کے ایجنٹوں پر کڑی نظر رکھے، ہوسکتا ہے کہ بھارت ہمارے ملک
میں تخریبی کارروائی کرے۔
ایک اور صحافی بادشاہ خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے ایک مرتبہ پھر
پاکستان پر بے وقوف قسم کے الزامات لگائے ہیں، بھارتی الزامات کا مقصد
دراصل سعودی ولی عہد دورے کو سبوتاژ کرنے کی بھونڈی کوشش ہے۔ دنیا جانتی ہے
کہ ہندوستان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے، پاکستان نے بارہا ثبوت مانگے لیکن
بھارت نے کسی بھی موقع پر ثبوت فراہم نہیں کئے۔
کراچی پریس کلب کے سابق صدر اور کے یو جے کے جنرل سیکریٹری احمد ملک کا
کہنا تھا کہ دراصل کشمیری بھارتی سامراج کے تسلط سے آزادی چاہتے ہیں، بھارت
اپنی ناکامی چھپانے کیلئے الزامات پر اتر آتا ہے۔ پاکستان صرف اخلاقی طور
پرکشمیریوں کی مدد کرتا ہے۔ بھارت کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی
قرارداد کے مطابق حل کرنے کی جانب پیش قدمی کرے۔