Feb 21, 2019 04:35 pm
views : 462
Location : Different Areas
Lahore- Tomato Prices shoot up
لاہور، ٹماٹروں کی قیمتوں نے شہریوں کے چہرے ٹماٹر کی طرح سرخ کرڈالے
ٹماٹروں
کی قیمتوں نے شہریوں کے چہرے ٹماٹر کی طرح لال کرڈالے۔ پڑوسی ملک بھارت کی
جانب سے ٹماٹر کی درآمدی کھپت نہ ہونے کی وجہ سے مقامی سطح پر کاشت ہونے
والے ٹماٹروں کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ سالن میں لازمی طور پر ٹماٹر کا
استعمال کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے شہری 160 روپے فی کلو ٹماٹر خریدنے پر
مجبور ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت پر انحصار کرنے
کی بجائے ٹماٹر کی ریاستی سطح پر کاشتکاری میں اضافہ کرے تاکہ ہم کسی کے
محتاط نہ رہیں۔
ایک شہری امجد رفیق کا کہنا تھا کہ ٹماٹر انسانوں کی پہنچ سے دور ہوتا
جارہا ہے، کہا جاتا ہے کہ بھارت سے ٹماٹر آنا بند ہوگئے ہیں ، آخر ہم بھارت
کے محتاج کیوں ہو کر رہ گئے ہیں۔ یہ چیزیں ہماری بنیادی ضرورت ہیں۔ مقامی
سطح پر ہونے والی ٹماٹر کی کاشت بمشکل تین ماہ چلتی ہے۔ بھارت کی کاشت
پاکستان کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ ہم کب تک دوسروں کے محتاج رہیں گے۔
ایک سبزی فروش وقاص کا کہنا تھا کہ دس بارہ سال سے میں سبزی کا کاروبار
کررہا ہوں۔ ہمارے یہاں ٹماٹر کی فصل کم ہوتی ہے، بھارت سے ٹماٹر آنا بند
ہوگئے۔ اختلافات کی وجہ سے ٹماٹر نہیں آرہے۔ اس ضمن میں کسانوں کو پیداوار
بڑھانے کی ضرورت ہے اگر نہ بڑھائی گئی تو ٹماٹر کی قلت پیدا ہوجائے گی۔ہمیں
منڈی سے 140 روپے فی کلو ٹماٹر مل رہے ہیں اس وجہ سے ہم 160 روپے فی کلو
ٹماٹر فروخت کررہے ہیں۔ حکومتی ارکان منڈی کا رخ کرنے کی زحمت کرلیں تو
انہیں بھی پتہ چل جائے گا کہ کم دام میں سبزی فروشوں کو مارکیٹ سے ٹماٹر مل
رہے ہیں۔