کراچی کے علاقے صدر میں واقع ایک ہوٹل سے مضر صحت کھانا کھانے سے 5 بچے
جاں بحق ہوگئے جبکہ والدین کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا
ہے، جہاں والدہ کی حالت تشویشناک بتائی
جاتی ہے، جاں بحق بچوں میں ڈیڑھ سال کاعبدالعلی، 4 سال کا عزیز فیصل، 6 سال
کی عالیہ، 7سال کا توحید اور 9 سال کی صلویٰ شامل ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ فیملی کے سربراہ کا نام فیصل زمان ہے جن کا تعلق
کوئٹہ کے علاقے خانوزئی سے ہے، متاثرہ فیملی نے صدر کے علاقے میں نوبہار
ریسٹورنٹ نزد پاسپورٹ آفس سے بریانی کھائی تھی جب کہ فیملی نے کل دوپہر کا
کھانا خضدار میں کھایا تھا۔
اعلیٰ حکام نے زہریلا کھانا کھانے سے 5 بچوں کی ہلاکت کا
نوٹس لیتے ہوئے سندھ فوڈ اتھارٹی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
دوسری جانب پولیس اور سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں نوبہار ریسٹورنٹ پہنچ
گئیں، جہاں ہوٹل کو سیل کرنے کے بعد ریسٹورنٹ سے کھانوں کے نمونے حاصل
کرلیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز فور میں واقع نجی
ریسٹورنٹس سے کھانا کھانے کے بعد 2 بچوں اور والدہ کی طبیعت خراب ہوگئی
تھی، بچوں اور ان کی والدہ کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچے جانبرنہ
ہوسکے اور دم توڑ گئے، ایک بچے کی عمر ڈیڑھ سال اور دوسرا 5 سال کا تھا۔