پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کا کہنا تھاکہ بھارتی وزیر
اعظم کے بیان کو سنجیدگی سے لیا جائے ، پاکستان ایٹمی طاقت بھی ہے، سیاست
سے بالاتر ہو کر نازک موڑ پر قوم کو متحد ہونا چاہیے ۔
کراچی پریس کلب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر وسابق وفاقی وزیر
عبدالقادر بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمد شاہ کا
مزید کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کو غیر سنجیدہ نہ
لیا جائے، اس وقت جب حالات ایک نازک صورتحال کی جانب جارہے ہیں تو ہمیں سب
کو سیاست سے بالاتر ہوکر قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر وسابق وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ کا
کہنا تھا کہ بھارت سوا ارب عوام کی نمائندگی کرتا ہے، بھارتی وزیر اعظم نے
پلوامے حملے کے بعد کہا کہ بات چیت کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے بند ہوگیا ہے اور
اب جوابی عملی کارروائی کی دھمکی دی ہے اور وہاں کے قومی سلامتی کے مشیر نے
کہا تھا کہ پاکستان کو سبق سکھائیں گے، ان سارے بیانات کو ہم غیر سنجیدہ
نہیں لیتے اور یہاں پر باہمی دست وگریباں ہونے سے دشمن فائدہ اٹھائے گا۔