کراچی، ایم کیو ایم پاکستان کا بھارت کی دھمکیوں کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ
متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) نے بھارتی جارحیت ، ہٹ دھرمی، جنگی جنون کے
خلاف کراچی پریس کلب کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین اپنے
ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ مظاہرین کی جانب سے
نعرے بازی کا سلسلہ بھی مسلسل جاری رہا۔
احتجاجی مظاہرے میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی جس
میں کہا گیا کہ بھارت کا نام نہاد، سیکولر چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب
ہوگیا ہے، آج کا مظاہرہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں
استصواب رائے دینے کا مطالبہ کرتا ہے، آج کا مظاہرہ بھارت کو متنبہ کرتا ہے
کہ ہماری امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے ،پاکستان کے عوام مسلح
افواج کے ہمراہ بھارت کے ہر قسم کے عزائم کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت
رکھتے ہیں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کی جارحیت اور
کنٹرول لائن پرامن کی خلاف ورزی کا نوٹس لینے کیلئے مبصر مشن بھیجے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء نوید جمیل کا
کہنا تھا کہ ہندوستان کہنے کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت لیکن درحقیقت دنیا
کا سب سے متعصب ملک ہے،ہندوستان کے طول وعرض میں مسلم کش فسادات اور
مسلمانوں کو شہید کیا جارہا ہے، پاکستانی عوام امن چاہتے ہیں جنگ نہیں
چاہتے، اگر بھارت نے جنگ شروع کی تو ہماری فوجیں بھارت کی سرحدوں کے اندر
جنگ لڑیں گی، ہندوستان نے زبردستی کشمیر پر قبضہ کررکھا ہے، بھارت کی گیدڑ
بھپکیوں سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں۔