کوئٹہ، خاندانی رنجش کے باعث ایک شخص نے اپنی سابقہ اہلیہ اور سسر کو قتل کردیا
کوئٹہ میں ضلع کچہری کے سامنے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ سے خاتون
سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ دو خواتین زخمی ہوگئیں۔ پولیس نے ملزم کو
گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ میں ضلع کچہری کے سامنے اسد نامی شخص نے گاڑی پر
اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک خاتون موقع
پر ہی جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت ایک شخص زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کو سول
ہسپتال منتقل کیا گیاجہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک زخمی چل بسا۔
فائرنگ کی آواز سے سنتے ہی ٹریفک پولیس اہلکار سکندر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ واقعہ خاندانی رنجش کے باعث پیش آیا۔ ابتدائی
تحقیقات کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص نے اپنی سابقہ اہلیہ اور سسر کو قتل
کردیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی دو خواتین میں ایک کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
پولیس نے فائرنگ کے مقام سے تمام شواہد اکٹھے کرلئے جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔