اسلام آباد، کشمیر سمیت بھارت
میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، وزیر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کشمیر سمیت بھارت
میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی،
پاکستان اس جارحیت کا جواب دے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور
وزیر خزانہ اسد عمر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس میں وزیر
خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ شرکا کی متفقہ رائے ہے کہ پاکستان کے
خلاف جارحیت کی گئی، پاکستان اس جارحیت کا جواب دے گا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا خصوصی اجلاس کل طلب
کیا گیا ہے، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی بلایا جائے گا۔ ایک کمیٹی بنائی
گئی ہے وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ شامل ہیں، کمیٹی تمام سیاسی
جماعتوں سے رابطے کر کے اعتماد میں لے گی۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ میڈیا کو جگہ کا معائنہ کروایا جائے
گا، ہیلی کاپٹرز تیار ہیں بس موسم تھوڑا بہتر ہوجائے۔ بھارت میں ہی آوازیں
اٹھنا شروع ہوگئی ہیں محبوبہ مفتی کا بیان سامنے ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا
کہ عالمی قائدین سے وزیر اعظم اور دفتر خارجہ رابطے کریں
گے، ترکی کے وزیر خارجہ سے کچھ دیر پہلے تفصیلی گفتگو ہوئی، صورتحال سے
آگاہ کیا۔ جدہ میں او آئی سی کی کشمیر رابطہ کمیٹی کا اجلاس بھی جاری ہے۔
کل شام 7 بجے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے بھی گفتگو
ہوئی، یکم اور 2 مارچ کو ابو ظہبی میں کانفرنس میں بھارتی وزیر خارجہ کو
مدعو کیا گیا ہے۔ سشما سوراج کو او آئی سی اجلاس میں مدعو کرنے سے متعلق
بات کی ہے۔ آج صورتحال یکسر تبدیل ہوچکی ہے، بلا مشاورت او آئی سی
اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ کو مدعو کیا گیا۔ پاکستان کی ریڈ لائنز اور
تاریخ کے حوالوں سے ممبران کو آگاہ کیا گیا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر سمیت بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا
ہے، پلوامہ میں واقعہ ہوا بھارت کی 10 ریاستوں میں کشمیریوں پر زمین تنگ
کردی گئی، وہ کشمیری جنہیں بھارت نے اسکالر شپس دیں انہیں نشانہ بنایا گیا۔
بھارت میں کشمیری وکلا اور تاجروں پر حملے کیے جاتے ہیں۔