بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو واہگہ
بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا۔ بھارتی ائیر اتاشی بھی ا بھی نندن کے
ہمراہ بھارتی چلے گئے۔بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر پہنچایا
گیا۔ اس موقع پر پنجاب رینجرز کے خصوصی کمانڈوز کے دستے تعینات کیے گئے
تھے۔
انڈین ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی اور روانگی سے
متعلق بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ اور ایئر اتاشی گروپ کیپٹن جے ٹی کریاں
سفری دستاویزات کے ساتھ لاہور میں موجود رہے۔
ہندوستان واپسی سے قبل اپنے ویڈیو بیان میں بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ
میرا نام ونگ کمانڈر ابھینندن ہے، میں بھارتی ائیرفورس میں لڑاکا طیارہ کا
پائلٹ ہوں۔ میں پاکستان میں ایک ٹارگٹ ڈھونڈنے کی کوشش کر رہا تھا کہ
پاکستان ائر فورس کے جہاز نے میرا جہاز گرایا۔
ابھینندن نے بتایا کہ اس کے بعد میں نے جہاز سے چھلانگ لگائی، جب میرا پیرا
شوٹ کھلا تو میرے پاس پستول تھی۔ جہاں میں نے لینڈ کیا لوگ بہت زیادہ تھے،
میں نے پستول پھینک دی اور بھاگنے کی کوشش کی۔
بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آرمی کے دو لوگ میرے پاس آئے اور
مجھے بچایا، اس کے بعد فوج کے کپتان آئے انہوں نے مجھے کچھ ہونے نہیں
دیا۔ پھر وہ مجھے اپنے یونٹ لے گئے اور فرسٹ ایڈ دیا، بعد ازاں مجھے ہسپتال
لے جایا گیا اور علاج کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا ہر چیز کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔
میں نے پاکستانی آرمی کے ساتھ وقت گزارا، پاکستانی آرمی بہت ہی پروفیشنل
ہے، میں پاکستانی آرمی سے بہت متاثر ہوا۔ بھارتی میڈیا چھوٹی سی چیز کو
آگ اور مرچ لگا کر چھوڑتا ہے جس سے لوگ بہکاوے میں آ جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے
خطاب کرتے ہوئے خطے میں دیرپا قیام امن کیلئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو
بھارت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کو گزشتہ ماہ 27 فروری کو پاکستان کی
فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔