مسلم کانفرنس اور قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام
پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرنے اور بھارتی جارحیت کے خلاف اسلام آباد
کے سیکٹر ایف سکس میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں خواتین کی بھی
بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز
اٹھائے ہوئے تھے ۔ مظاہرین کی جانب سے پاک فوج کے حق میں صدائیں بلند ہوتی
رہیں جبکہ بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
مظاہرے میں شریک عباسیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رکن عبدالحسیب کا کہنا تھا کہ
پاکستان اور بھارت میں امن ہونا چاہیے، کشیدہ صورتحال کو ختم کرکے امن کی
طرف آیا جائے، ہمارا مذہب امن سکھاتا ہے، ہم یہاں پر حکومت پاکستان کے
اقدامات کو سراہنے کیلئے اکٹھے ہوئے جس کے تحت امن کو فروغ دینے کیلئے
پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ کو رہا کیا۔
قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب کے رکن ذوالفقار علی ابڑوکا کہنا تھا کہ
بھارت نے جس طرح سے ہمارے رویہ اختیار کیا جس کا جواب پاک فوج نے بہت احسن
طریقے سے دیدیا، حکومت پاکستان اور اپوزیشن سب ایک پیچ پر جمع ہیں اور صرف
اور صرف امن کی بات کررہے ہیں، دین اسلام میں بھی امن کا درس دیتا ہے۔
انٹرفیتھ ہیومن رائٹ ٹرسٹ کی وائس چیئرپرسن سیدہ فردوس کا کہنا تھا کہ ہم
کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، ہم پاک فضائیہ کو
خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستانی افواج مادر وطن کا دفاع کرنے اور جارحیت
کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہمیں مسلح افواج پر ناز ہے۔