Mar 02, 2019 08:10 pm
views : 476
Location : Garden Headqurater
Karachi- PSL Season 4, Traffic plan issue
کراچی، پاکستان سپر لیگ میچ کے دوران شہر کراچی کا ٹریفک پلان ترتیب دیدیا گیا
پاکستان سپر لیگ میچ کے دوران شہر کراچی کا ٹریفک پلان ترتیب دیدیا گیا۔ ڈی
آئی جی ٹریفک جاوید مہر کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ کیلئے پانچ پارکنگ
ایریاز بنائے گئے ہیں، شائقین کو اپنے ہمراہ ٹکٹس اور قومی شناختی کارڈ
لازمی لانا ہوں گے۔
گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر
کاکہنا تھا کہ شہر میں پانچ پارکنگ ایریاز رکھے گئے ہیں، جن میں ایکسپو
سینٹر کا گراؤنڈ، حکیم سعید گراؤنڈ کے ساتھ کا گراؤنڈ، وفاقی اردو
یونیورسٹی اور اس کے سامنے اتوار بازار کا گراؤنڈ ہے ، ڈالمیا روڈ پر غریب
نواز فٹ بال گراؤنڈ پارکنگ کیلئے دستیاب ہوگا۔ تمام شائقین کو درخواست کی
جاتی ہے کہ اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ان مختص کردہ پارکنگ گراؤنڈز میں
پارک کریں پارکنگ کے بعد شائقین کرکٹ کو بذریعہ شٹل سروس نیشنل اسٹیڈیم لے
جایا جائے گا، پارکنگ ایریاز کے اندر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مکمل
انتظامات کئے جائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے کچھ سڑکیں مکمل بند رکھی جائیں گی
جن میں کارساز سے لے کر حبیب ابراہیم ؒ روڈ ، حسن اسکوائر فلائی اوور سے
سر شہاب سلمان روڈ بند رہے گا، ڈالمیا روڈ اور ملینیم سے لے کر آغا خان گیٹ
تھری تک بند رہے گا، اسٹیڈیم کے عقبی حصے کی آبادی جس میں سعید ازرائی روڈ
اور دیگر سڑکیں ہیں وہ بھی بند ہوں گی تاہم وہاں کے رہائشیوں کیلئے یہ
سڑکیں کھلی رہیں گی، وہ اپنا قومی شناختی کارڈ دکھاکر سڑک استعمال کرسکیں
گے۔ عوامی آگاہی کیلئے بڑے پیمانے پر سائن بورڈ آویزاں کئے جائیں گے تاکہ
لوگوں کو کسی بھی قسم کی دشواری نہ ہو۔ آغا خان اور لیاقت نیشنل ہسپتال آنے
جانے والوں کے ساتھ ٹریفک پولیس ہر ممکن تعاون کرے گی انہیں کسی بھی قسم
کی دشواری کا سامنا نہیں ہوگا۔