صوبہ پنجاب کے شہر ڈی جی خان میں پاک فوج کے شہید حوالدارعبدالرب کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔
تفصیلات
کے مطابق ڈیرہ غازی خان کےعلاقے ننکائی تونسی میں پاک فوج کے شہید
حوالدارعبدالرب کی نمازجنازہ ادا کردی گئی،پاک فوج کے افسران، ضلعی
انتظامیہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
گزشتہ
روز پاکستان کی جانب سے امن کے پیغام کے بعد بھی بھارت نے جنگی جنون کا
مظاہرہ کرتے ہوئے ایل اوسی پرفائرنگ وگولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں پاک
فوج کے 2 جوان سمیت دو پاکستانی شہری شہید ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے دونوں جوان شہری آبادی پرفائرنگ کے جواب میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔
واضح
رہے 27 فروری کو پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2
بھارتی طیارے مار گرائے تھے اور ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرلیا تھا۔
آئی
ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن
آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے، ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر
کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا تھا۔
اس موقع پر شہید عبدالرب کے ضعیف والد کا کہنا تھا کہ کہ اگر میرے اور بیٹے بھی ہوتے تو وطن عزیز پر قربان کر دیتے۔