Mar 05, 2019 12:21 pm
views : 475
Location : Sindh Assembly
Karachi- Opposition decides Byecot to Sindh Assembly Session
کراچی، سندھ میں پی اے سی کی سربراہی نہ ملنے پر اپوزیشن کا اسمبلی اجلاس میں نہ آنے کا اعلان
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی نہ
ملنے پر آئندہ ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرنے اوراسمبلی کا اجلاس
ایوان سے باہر خود چلانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے بعد وزیر بلدیات سعید غنی نے بھی دوٹوک الفاظ میں
اپوزیشن کو بتا دیا کہ سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ
اپوزیشن کو نہیں دی جائے گی۔ پیرکوسندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن
لیڈر فردوس شمیم نقوی نے اسپیکر کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ وزیراعلیٰ
کہہ چکے ہیں کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپوزیشن کو نہیں دیں گے، وزیراعلیٰ کے
اس واضح اعلان کے بعد ہم بھی سندھ اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے اور اب
ایوان میں نہیں بیٹھیں گے۔
جس پر اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کا اگر الیکشن کرانا
چاہتے ہیں تو بے شک کرالیں۔ اسپیکر کے اس مشورے کے بعد اپوزیشن ارکان اپنی
نشستوں سے اٹھ کر کھڑے ہوگئے اورایوان میں شور شرابہ اور زبردست نعرے بازی
شروع کردی، اپوزیشن ارکان کی جانب سے ڈیسک بجا کر بھی احتجاج شروع کردیا
گیا۔ وزیر بلدیات سعید غنی نے قائد حزب اختلاف سے کہا کہ آپ نے اپنی بات
کرلی ہماری بھی سن لیں۔ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ 6 ماہ ہوگئے اب تک قائمہ
کمیٹیاںکیوں نہیں بنائی گئیں، حیلے بہانے کیے جارہے ہیں،اب ہم ایوان کا
بائیکاٹ کریں گے ۔
اس موقع پرایوان میں ہنگامہ آرائی کا سلسلہ جاری رہا،اسپیکر اور تحریک
انصاف کے اراکین کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔ اپوزیشن ارکان شور شرابہ اور
نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئے تاہم ایم ایم اے اور تحریک
لبیک کے چاروں ارکان نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور وہ ایوان میں موجود رہے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ آئین میں کہیں نہیں لکھاکہ پی اے سی اپوزیشن کو دی
جائے ، کسی بھی حال میں اپوزیشن کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہیں
دیں گے۔