کراچی، آل کراچی ینگ ویکسینیٹرز کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
آل کراچی ینگ ویکسینیٹرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف کراچی پریس
کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے
کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ مظاہرین کی جانب سے نعرے بازی کا
سلسلہ بھی مسلسل جاری رہا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ نو ماہ پہلے این ٹی ایس ٹیسٹ پاس میرٹ پر بھرتی
سندھ گورنمٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے پروجیکٹ ای پی آئی کے تحت تقریبا پانچ سو
سے زائد ویکسینیٹرز کو اب تک تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے
معاشی حالت ابتر ہوتی جارہی ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ پروجیکٹ ڈائریکٹر سندھ نے ملاقات کے
دوران یقین دہانی کرائی تھی جس کے بعد احتجاج موخر کیا گیا تھا تاہم اب
فیصلہ کیا ہے کہ اگر ماہ مارچ میں تنخواہیں ادا نہ کی گئی تو اپریل سے
کراچی کے تمام ای پی آئی سینٹرز بند کرکے پروجیکٹ ڈائریکٹر سندھ کے دفتر کے
سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔