اسلام آباد، مولانا مسعود اظہر کے حوالے سے فیصلہ پاکستان کے قومی مفاد میں کیا جائے گا، ترجمان
ترجمان دفتر خارجہ بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھتا ہے لیکن ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل
کا کہنا تھا کہ بالاکوٹ میں پے لوڈ گرا کر 300 دہشتگردوں کو مارنے کا دعوی
کیا گیا لیکن ثبوت نہیں دیے گئے، پاکستان نے دو بھارتی طیاروں کو گرایا
اور 27 فروری کو بھارتی پائلٹ کو سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا
گیا، وزیراعظم نے بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیرسگالی کے طور پر رہا کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ڈوزئیر آیا ہے، اس ڈوزیئر کا
جائزہ لیا جا رہا ہے جس کا جلد جواب دیا جائے گا، پاکستانی وفد 14 مارچ کو
بھارت کا دورہ کرے گا جبکہ ہماری خواہش امن ہے لیکن جب بات کرتے ہیں تو
اس کو کمزوری سمجھا جاتا ہے، ہم بتا رہے ہیں بھارت ہماری امن کی خواش کو
کمزوری نہ سمجھے ورنہ ہم نے دکھا دیا ہم دفاع کرنا جانتے ہیں، مولانا مسعود
اظہر کے حوالے سے فیصلہ پاکستان کے قومی مفاد میں کیا جائے گا۔
ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ کرتار پور وزیراعظم اور آرمی چیف کا شروع
کردہ منصوبہ ہے، بھارت نے اٹاری میں مذاکرات کا کہا اور ہم اس پر تیار ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی جیل میں پاکستانی قیدی
شاکر اللہ کی ہلاکت پر شدید احتجاج کیا۔