Mar 08, 2019 09:30 pm
views : 524
Location : National Press Club
Islamabad- JKLF Protest against Indian aggression
اسلام آباد، جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام حریت رہنماء کی جبری نظر بندی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی
بربریت ،حریت رہنماء کی جبری نظر بندی اور جماعت اسلامی پر پابندی کے خلاف
احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز
اٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرین کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
مظاہرے میں شریک مرکزی ترجمان جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ محمد رفیق ڈار کا
کہنا تھا کہ بھارت نے ریاست کے اندر آزادی کی آواز کو دبانے کیلئے تین
دہائیوں سے مظالم کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ،ایک لاکھ کے قریب کشمیریوں کو شہید
کرکے لاکھوں کی تعداد میں گرفتار یاں کی گئیں اور لاکھوں کی تعداد میں ہی
لوگوں کو زخمی کرنے کے علاوہ پابند سلاسل کیاگیا۔ حریت رہنماء یاسین ملک کو
دو ہفتے پہلے گرفتار کرکے انہیں کل پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں سینٹرل
جیل منتقل کیا گیا ہے۔ ہم بھارت کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ حصول آزادی تک
ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء عبدالحمید لوند کا کہناتھا کہ مقبوضہ
کشمیر میں ہندوستان کے مظالم عروج پر ہیں، قائدین کو کالے قوانین کے تحت
گرفتار کرکے تحریک آزادی کو دبانے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔ خواتین کے
ساتھ دست درازی کا سلسلہ بھی معمول بن گیا ہے۔
وائس چیئرمین جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ سلیم ہارون کا کہنا تھا کہ دنیا بھر
میں ہندوستان کا مکروہ چہرہ سامنے آگیا ہے۔ آج ہندوستان دنیا کے اندر رسوا
ہوگیا ہے، ہندوستان پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔