Mar 09, 2019 08:10 pm
views : 432
Location : National Stadium
Karachi- PSL Season 4, Security Arrangements
کراچی، شہر قائد میں پی ایس ایل 4 کا میلہ سج گیا، شہر قائد میں کرکٹ کا
جنون سر چڑھ کر بولنے لگا
شہر قائد میں پی ایس ایل 4 کا میلہ سج گیا ہے اور شائقین کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کے دروازے کھل چکے ہیں۔ شہر قائد میں کرکٹ کا
جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ اسٹیڈیم کے دورازے شائقین کیلئے کھول دیئے گئے
ہیں۔اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا براہ راست ٹاکرا اور
اپنے پسندیدہ ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم
میں آنے والوں کیلئے خصوصی ہدایت نامہ جاری کیا گیا۔
شائقین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے 5 مقامات بنائے گئے، یونیورسٹی روڈ
پر حکیم سعید پارک، اردو یونیورسٹی، اتوار بازار اور ایکسپو سینٹر میں
پارکنگ بنائی گئی ہے جبکہ ڈالمیا روڈ پر غریب نواز فُٹبال گراؤنڈ میں بھی
شائقین اپنی گاڑیاں پارک کرسکیں گے، میچ دیکھنے والوں کو پارکنگ سے شٹل
سروس کے ذریعے اسٹیڈیم تک پہنچایا گیا۔
اسٹیڈیم میں آنے والے شائقین کے لیے اصلی شناختی کارڈ اور ٹکٹ لازمی ہے،
اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی اشیا اور خواتین کے ہینڈ بیگز لانے کی اجازت
نہیں ہے، شائقین صرف اپنے ساتھ موبائل فون لاسکتے ہیں جس میں پاور بینک
شامل نہیں۔
سندھ حکومت نے اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کررکھے ہیں۔ اسٹیڈیم
کے باہر کی سیکیورٹی پولیس جب کہ اندر کی سیکیورٹی رینجرز کے حوالےکی گئی
ہے۔ اسٹیڈیم کے اندر 90 سے زائد جب کہ اسٹیڈیم کے باہر مختلف مقامات پر 300
سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں، جن کی مدد سے اسٹیڈیم اور اندر
اور باہر کی صورت حال کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔
اسٹیڈیم کے اطراف سندھ پولیس کے 13 ہزار سے زائد اہلکار اور افسران فرائض
انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ایس ایس یو کے 565 کمانڈوز بھی ڈیوٹی پر
مامور ہیں اور انہیں سراغ رساں کتوں کی مدد بھی حاصل ہے۔ اسٹیڈیم کے اندر
رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے جب کہ اسٹیڈیم کے اطراف تمام عمارتوں کی
چھتوں پر رینجرز کے ماہر ترین نشانے باز اہلکار پوزیشن سنبھال چکے ہیں، اس
کے علاوہ علاقے کی فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس نے میچ کے دوران علاقے میں ٹریفک کی روانی کو معمول کے
مطابق جاری رکھنے کے لیے خصوصی روڈ پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت نیشنل
اسٹیڈیم آنے والی شاہراہوں کو 2 بجے تک جب کہ کارساز سے حسن اسکوائر اور
ملینیم سے آغا خان گیٹ نمبر 3 تک روڈ بند ہوگا۔ آغا خان اور لیاقت نیشنل
اسپتال جانے والے افراد نیو ٹاؤن کٹ سے جاسکیں گے۔ اسٹیڈیم کے اطراف کے
رہائشی اصل شناختی کارڈ دکھا کر اپنے گھروں تک جاسکیں گے۔