لاہور، نواز شریف کوئی سمجھوتہ کرتے نظر
نہیں آتے، ڈیل کی باتیں سازش ہیں، بلاول بھٹو
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ
نوازشریف کی طبیعت کافی خراب ہے، وہ 3 بار ملک کے وزیراعظم رہنے کے باوجود
قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جس سے پاکستان کا دنیا میں تاثر اچھا نہیں جا رہا
حکومت ان کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات مہیا کرے، نوازشریف اپنے
اصولوں پر قائم ہیں، وہ کہتے ہیں نظریاتی ہوں، نظریاتی سیاست ہی کریں
گے۔
بدلتے سیاسی حالات میں دو بڑوں کی بڑی ملاقات ہوئی جو ایک گھنٹہ جاری
رہی، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ
نوازشریف کی عیادت کیلئے کوٹ لکھپت جیل پہنچے۔ ملاقات کے دوران قمر زمان
کائرہ، مصطفے نوا ز کھوکھر اور جمیل سومرو بھی بلاول کے ہمراہ موجود تھے۔
نوازشریف سے ملاقات کے بعد بلاول نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
نوازشریف سے ملاقات کا کوئی سیاسی مقصد نہیں تھا، صرف ان کی طبیعت دریافت
کی۔ نوازشریف کافی بیمار لگ رہے تھے اس کے باوجود وہ کوئی سمجھوتہ کرتے نظر
نہیں آتے۔ ڈیل کی باتیں سازش ہیں، میاں صاحب اپنے اصولوں پر قائم ہیں۔
نوازشریف کہتے ہیں نظریاتی ہوں، وہ نظریاتی سیاست کریں گے۔
بلاول نے مزید کہا کہ یہ بات انتہائی افسوس ناک ہے کہ 3 بار وزیراعظم رہنے
والا شخص قید کی سزا کاٹ رہا ہے، آج میرا کوٹ لکھپت جیل میں آنا تاریخی
مرحلہ ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو بھی اسی جیل میں رہے، میرے والد آصف
زرداری نے بھی یہاں قید کاٹی۔
بلاول
بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت پر مکمل عملدرآمد نہ کیا
جانا ہماری ناکامی ہے، میثاق جمہوریت پر مکمل عملدرآمد ہونا چاہئے، اس ضمن
میں نواز شریف سے بات چیت ہوئی ہے، اس پر دیگر جمہوریت پسند جماعتوں کو بھی
اعتماد میں لیں گے اور ان کی تجاویز کو شامل کرکے نئی دستاویز سامنے آسکتی
ہیں۔