کراچی، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے 65 ہزار سے زائد اعلیٰ معیار کی شراب کی بوتلیں برآمد کرلیں،7 ملزمان گرفتار
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے مکران کوسٹ کے قریب شراب اسمگلنگ کے
خلاف تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن کرتے ہوئے 65 ہزار سے زائد اعلیٰ معیار کی
شراب کی بوتلیں برآمد کرلیں جبکہ 7 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے انٹیلی جنس ونگ نے خفیہ ذرائع سے
ملنے والی اطلاع پر مکران کوسٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک بوٹ
کا تعاقب کیا جس کی تلاشی کے دوران 65 ہزار سے زائد اعلیٰ معیار کی شراب کی
بوتلیں اور بیئر کین برآمد کئے گئے۔ پکڑی جانے والی شراب کی بین الاقوامی
مارکیٹ میں مالیت تقریبا چالیس کروڑ روپے بنتی ہے۔ اس آپریشن میں بوٹ میں
سوار سات افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ اس آپریشن میں پاکستان میری ٹائم
سیکیورٹی ایجنسی کو پاکستان کسٹم پریونٹیو کا بھرپور تعاون حاصل تھا۔ میری
ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے برآمد کی گئی شراب اور گرفتار ملزمان کو پاکستان
کسٹم کے حوالے کردیا۔ شراب میں مختلف قسم کی وسکی، وائن، جن اور بیئر کے
بین الاقوامی برانڈ شامل ہیں۔
ترجمان پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ پاکستان میری ٹائم
اور پاکستان کسٹم اپنی ذمہ دارنہ حدود میں مکمل طور پر فعال ہیں اور کسی
بھی قسم کے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کیلئے بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔