اسلام آباد، مسلمانوں پر حملوں کی وجہ تیزی سے پھیلنے والا اسلاموفوبیا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نیوزی لینڈ میں مساجد پر ہونے
والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرائسٹ چرچ (نیوزی لینڈ) میں
مسجد پر دہشت گرد حملہ نہایت تکلیف دہ اور قابل مذمت ہے۔ نیوزی لینڈ میں مساجد پر ہونے والے دہشت
گردانہ حملوں کی خبر سے دھچکا لگا ہے جس پر صدمے میں ہوں اور اس کی پر زور
مذمت کرتا ہوں، یہ حملہ ہمارے اس مؤقف کی تصدیق کرتا ہے جسے ہم مسلسل
دہراتے آئے ہیں کہ، دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، حملےمیں شہید ہونے
والے افراد کے اہل خانہ اور متاثرین کے لیےدعا گو ہوں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسلمانوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے پیچھے 9/11
کے بعد تیزی سے پھیلنے والا"اسلاموفوبیا"(اسلام سے نفرت) کارفرما ہے
جس کے تحت دہشت گردی کی ہرواردات کی ذمہ داری مجموعی طور پر اسلام اور سوا
ارب (1.3 بلین)مسلمانوں کے سر تھوپنے کا سلسلہ جاری رہا، نیز مسلمانوں کی
جائز سیاسی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کے لیے بھی یہ حربہ آزمایا گیا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ میں واقع دو مساجد میں نماز جمعہ کے
دوران اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں49 نمازی شہید اور متعدد افراد زخمی
ہوئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے اس حملے کو دہشت گردی کا واقعہ اور
ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قراردیا ہے۔