لاہور،مسلم لیگ ن کا ایک دھڑا نواز شریف کی صحت پر سیاست کررہا ہے،وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات فواد
چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی فیملی اصرار کررہی ہے کہ انھیں علاج کے
لیے لندن بھیجا جائے،مسلم لیگ ن کا ایک دھڑا طبی سہولیات پر سیاست کررہا
ہے، نوازشریف کے پاس لندن جانے کا واحد راستہ پلی باگین ہے۔
لاہور میں
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ
نوازشریف کی صحت کے حوالے سے اجلاس ہوا ہے، نوازشریف کی صحت کی خرابی کے
بارے میں اطلاعات ملی تھیں اور شکایت آئی تھی کہ نواز شریف کا سانس پھول
رہاہے،میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر صوبائی حکومت نے اپنے سے بڑھ کر اقدامات
کیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو22 جنوری کوپی آئی
سی منتقل کیاگیا، نوازشریف کو کڈنی کا بھی مسئلہ ہے، نوازشریف کی فیملی
اصرار کررہی ہے کہ انھیں علاج کے لیے لندن بھیجاجائے، نوازشریف پاکستان میں
علاج نہیں کراناچاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے
حکومت کی نیت صاف ہے اور ہر طرح کا علاج و معالجہ کرانے کی پیش کش کی گئی
ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ان کے علاج میں کوئی کسر اٹھا
نہیں رکھی تاہم نواز شریف درخواست مسترد ہونے پر عدالت سے ناراض ہوگئے۔ ان
کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان جب لفٹر سے گرے تو باہر جانے سے انکار
کردیا اور کہا کہ یہاں علاج کرواؤں گا جب کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے
جتنے اسپتال بنائے انہیں کسی پر اعتبار نہیں۔