اسلام آباد، کرائسٹ چرچ دہشت گردی پر ملک بھر میں یوم سوگ، قومی پرچم سرنگوں
کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے حملوں کے خلاف ملک بھر میں یوم سوگ
منایا جارہا ہے۔ سرکاری، نیم سرکاری اور دیگر اہم عمارتوں پر قومی پرچم
سرنگوں ہے۔ کئی شہروں میں عدالتی کارروائیاں بھی معطل کردی گئی ہیں، اس کے
علاوہ مذہبی و سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے تعزیتی ریفرنسز
اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہم نیوزی لینڈ میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے
کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ مسلمانوں کو
منصوبہ بندی کے تحت شہید کیا گیا یہی کام اگر داڑھی والا کرلیتا تو اس کو
دہشت گرد کہا جاتا لیکن سفید فام یہ کام کرے تو اسے پاگل پن کہہ دیا جاتا
ہے۔ دہشت گردی صرف مسلمانوں کے ساتھ منسلک نہیں ہونی چاہیے۔
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ پیش آنے والے سانحہ پر امت مسلمہ
پریشان ہے، پاکستان کی جانب سے یوم سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جس کے باعث
سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں
انتہا پسند سفید فام عیسائی دہشت گرد نے فائرنگ کر کے 9 پاکستانیوں سمیت 50
افراد کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا تھا۔ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ
محمود قریشی اس سانحے پر ملک بھر میں سرکاری طر پر یوم سوگ منانے کا اعلان
کیا تھا۔