کراچی، پاکستان میں منہ کے کینسر میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، ڈاکٹر محمود شاہ
پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پسماندہ قصبات اور
دیہی علاقوں میں ماہر اور تعلیم یافتہ دندان سازوں کی تعداد خطرناک حد تک
گرچکی ہے اور خطرہ ہے کہ ان علاقوں میں دانتوں کی بیماریاں کوئی وبائی صورت
اختیار کرلیں۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی اے کے مرکزی صدر
ڈاکٹر محمود شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے
شہروں میں تو ہر پانچ ہزار کی آبادی پر ایک ماہر دندان ساز موجود ہے لیکن
دور دراز اور دیہی علاقوں میں صورتحال یکسر مختلف ہے۔
انہوں نے بتایا ضلع تھرپارکر جو کہ کراچی سے بہت فاصلے پر ہے وہاں بیس لاکھ
تک آبادی کیلئے بھی ایک ماہر دندان ساز موجود نہیں ہے یہ صورتحال انتہائی
تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا ماہر دندان سازوں کی آبادی کے تناسب سے موجودگی کو عالمی
اداروں کے معیار کے مطابق بنایا جائے یہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ پاکستان
میں منہ کے کینسر کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔