کراچی، یوم پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ ووزیرا علیٰ سندھ کی کابینہ ارکان کے ہمراہ مزار قائد اعظم پر حاضری
یوم پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیرا علیٰ سندھ سید
مراد علی شاہ نے کابینہ ارکان کے ہمراہ مزار قائد اعظم پر حاضری دی اور
پھول چڑھائے۔ اس موقعہ پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
مزار قائد پر حاضری کے بعد ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے
ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان کے موقع پر ہم
قائد کو خراج تحسین پیش کرنے آئے ہیں۔ آج تجدید عہد وفا کا دن بھی ہے، ہم
اس دن عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں کوئی کسر اٹھا
نہ رکھیں گے، وزیرا عظم عمران خان کا مشن ہے جس پر ہم دن رات محنت کررہے
ہیں۔ یہ وہ پاکستان ہے جو دنیا کے نقشے پر ایک ایسا ملک بن کر ابھرے گا کہ
اس کی طرف پوری دنیا دیکھے گی۔
اس موقع پر وزیرا علیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 23 مارچ 2019ء
خاص طور پر ہمارے لئے نہایت ہی اہم دن ہے، اس لئے کہ پاکستان اس وقت نازک
صورتحال سے گزررہا ہے، دشمن نے ہمیں للکارا اور پوری قوم اور افواج نے جس
طرح جواب دیا پوری دنیا نے اسے دیکھا۔ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے بتائے
ہوئے اصول اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ متحد قومیں ہی اپنے ملک کا دفاع
کرسکتی ہیں۔
وزیرا علیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا یہی عزم ہے کہ ہم قائد اعظم کے
پاکستان کو اور پھلتا پھولتا دیکھیں اور ترقی پائیں۔ اللہ تعالیٰ توفیق دے
کہ ہم لوگوں کی اور زیادہ خدمت کرسکیں۔ اس دن کے موقع پر ہمیں ان شخصیات کو
ضرور یاد کرنا چاہیے جن کی وجہ سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوا۔ شہید
ذوالفقار علی بھٹو جن کی وجہ سے ہمارا ملک ایٹمی طاقت بنا جنہوں نے کہا
تھا کہ ہزار سال تک گھاس کھائیں گے اور اپنے ملک کا دفاع کریں گے، بے نظیر
بھٹو جنہوں نے ہمیں میزائل ٹیکنالوجی دی جس کی وجہ سے دشمن ہماری طر ف
دیکھتے ہوئے بھی گھبراتا ہے۔