اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے 2 ہندو لڑکیوں کے میبنہ اغوا کا نوٹس لے لیا
وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے 2 نوعمر ہندو لڑکیوں کےمبینہ اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے بچیوں کی بازیابی کے لیے سندھ اور پنجاب حکومت کو مشترکہ حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلٰی کو یہ ہدایت جاری کی ہے کہ سندہ سے اغوا ہونے والی 2 نو عمر ہندو لڑکیوں کے بارے میں ایسی اطلاعات ہیں کہ انہیں رحیم یار خان منتقل کیا گیا ہے، اس معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور اگر ایسا ہے تو بچیوں کو بازیاب کرایا جائے۔فواد چوہدری نے مزید کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سندھ اور پنجاب حکومت کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں اور سندھ حکومت ایسے واقعات کے تدارک کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، پاکستان میں اقلیتیں ہمارے قومی پرچم کا سفید رنگ ہیں اور ہمیں اپنے تمام رنگ عزیز ہیں، اپنے پرچم کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ڈہرکی کے نواحی گاؤں حافظ سلیمان کے رہائشی ہری لعل مینگھواڑ کی دو بیٹیاں روینا اور رینا نے گھر سے فرار ہوگئی تھیں جبکہ لڑکیوں کے والد نے دونوں کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کا الزام عائد کیا تھا بعد ازاں دونوں لڑکیوں کی اسلام قبول کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔جس پر سندھ پولیس کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ گھوٹکی میں دو ہندو بہنوں نے اپنی مرضی سے گھر چھوڑا اور اسلام قبول کیا انہیں کسی نے اغوا نہیں کیا۔ تاہم پولیس نے ان لڑکیوں کے اغوا پر چار افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔