اسلام آباد،سمجھوتہ ایکسپریس کا معاملہ عالمی عدالت میں لے جانا چاہیے،رحمان ملک
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فاروق حیدر اور ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے ہفتے کو اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سمجھوتا ایکسپریس پر بھارتی عدالت کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، سمجھوتا ایکسپریس سانحے میں بہنے والے خون کا حساب چاہیے، بھارتی عوام دہشت گرد مودی کو وزیراعظم نہ بنائیں، پاکستان کو کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانا چاہیے۔ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔
سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ انصاف کے لیے معاملہ عالمی عدالت میں لے جانا چاہیے،ہمارے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں، رحمان ملک نے کہا کہ سمجھوتا ایکسپریس کا فیصلہ دینے والا جج مودی کا دوست ہے،یہ فیصلہ الیکشن کے دنوں میں دیا گیا ہے،ڈی آئی جی کراکرے نے بتایا تھا کہ سمجھوتا ایکسپریس حملے میں بھارتی ایجنسی را شامل تھی، کرنل پروہت نے دھماکے کے لیے بارود اور دیگر سامان فراہم کیا تھا۔ ڈی آئی جی کراکرے کو اس لیے قتل کردیا گیا کہ را کا اصل چہرہ آشکار نہ ہو۔
وزیراعظم آزاد جموں کشمیر فاروق حیدر نے کہا کہ بھارتی عوام دہشت گرد مودی کو وزیراعظم نہ بنائیں۔ کشمیری 70 سال سے پاکستان کے ساتھ شامل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں،پاکستان کو کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانا چاہیے۔