اسلام آباد،جعلی بنک اکاؤنٹس کیس،زرداری اور فریال تالپر کا اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع
جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور نے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے سابق صدر کی ملکیت میں متعدد گاڑیوں کے ہونے کا دعویٰ کر رکھا ہے اور جے آئی ٹی رپورٹ کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 10 اپریل تک ایف بی آر کو تمام الزامات کا جواب دے دیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے گاڑیوں کی ٹیکس کے حوالہ سے جواب طلب کر رکھا ہے۔
عدالت نے آصف علی زرداری کی درخواست قبل از گرفتاری سماعت کے لیے مقرر کر دی۔ کیس کی سماعت 4 اپریل کو ہو گی۔
دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ریجنل ٹیکس آفس میں پیش نہیں ہوئے جب کہ اُن کے وکیل نے ایف بی آر سے مزید وقت لے لیا۔