وینکوور،آئندہ ماہ بحری جہاز کے ایک ملین سے زائد مسافروں کی آمد متوقع
توقع کی جا رہی ہے کہ ایک ملین سے زائد بحری جہاز کے مسافر آئندہ چند ماہ میں وینکوور کا دورہ کریں گے جو کہ شہر کی کروز انڈسٹری کیلئے ریکارڈ توڑ سال ثابت ہوسکتا ہے۔ وینکوور فریسر پورٹ اتھارٹی میں تجارتی ترقی کے مینجرکارمین اورٹیگا کا کہنا ہے کہ ہم ہمیشہ کروز سیزن کے آغاز کے منتظر رہتے ہیں لیکن رواں سال خصوصی طور پر دلچسپ ہے کیونکہ مسافروں کی ریکارڈ تعداد کی توقع ہے۔
پورٹ آف وینکوورکے حکام گزشتہ سال کے مقابلے میں اس مرتبہ مسافروں کی تعداد میں 21فیصد اضافے کی امید کررہے ہیں جو کہ کینیڈا پلیس کے زریعے کروز مسافروں کیلئے تاریخی ریکارڈ قائم کریں گے۔ کینیڈا پلیس پر برتھس کی بہتری کے ساتھ بندرگاہ کے حکام نے مسافروں کے انتظام میں تبدیلیاں کی ہیں۔ ایمیریلڈ جمعہ سے کروز سیزن کا آغاز کرے گا جس میں وہ 3300مسافروں کو شہر میں لائے گا۔اس سیزن 24کروز لائنز سے 41بحری جہاز کینیڈا پلیس کا دورہ کریں گے ۔
پورٹ آف وینکوور کے مطابق کینیڈا پلیس کادورہ کرنے والا ہر جہاز مقامی معیشت میں براہ راست سرگرمی میں اوسط تین ملین ڈالر آمدنی پیدا کرتا ہے۔ آخری کروز شپ یکم نومبر کو روانہ ہوگا۔کروز شپ انڈسٹری کینیڈا بھر میں 7ہزار ملازمتیں پیدا کرتا ہے اور قومی جی ڈی پی میں 840ملین ڈالر کا اضافہ کرتا ہے۔