Mar 31, 2019 03:17 pm
views : 485
Location : Domestic Place
Larkana- PM Imran's politics revolves around NAB: Bilawal
لاڑکانہ،عمران خان کی سیاست میں نیب کا اہم کردار ہے،بلاول
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاست میں نیب کا اہم کردار ہے، ان کی سیاست نیب سے شروع ہوکر نیب پر ختم ہوتی ہے۔
لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نیب کالا قانون ہے، جو صرف سیاسی انتقام بنانے کے لئے ہے، عمران خان کی سیاست میں نیب کا اہم کردار ہے، اور ان کی سیاست نیب سے شروع ہو کر نیب پر ہی ختم ہو جاتی ہے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ جو لوگ بیٹھے ہیں وہ آئین کے مخالف ہیں، دہشت گردوں کے سہولت کار وفاقی وزیر بن گئے ہیں، کالعدم تنظیموں کے ساتھ تعلق پر وزرا کو ہٹانےکے بجائے ایک اور سہولت کار وزیر بنا دیا گیا، نئے وزیر کا نام بے نظیر شہید کے قتل میں ہے، ملک کے مستقبل کیلئے کالعدم تنظیموں اور دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرنی پڑے گی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام ان لوگوں کی شکلیں پہچانیں، وسائل اور ادارے عوام کے ہیں اور حکمران ان سے چھیننا چاہتے ہیں، پنجاب، بلوچستان، سندھ سب کو کہہ رہا ہوں کہ یہ صوبوں کے وسائل چھیننا چاہتے ہیں،اٹھارویں ترمیم کے بعد ادارے ملے لیکن وسائل اور پیسے نہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارا حق ہمیں دیں، آدھا خود خرچ کریں آدھا ہمیں دیں، سرخ لکیر عبور نہ کی جائے، ورنہ برداشت نہیں کریں گے اور کسی کو سندھ کے وسائل چھیننے نہیں دیں گے ۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہمیں عوام کی محبت جو ملی اس سے مخالفین بوکھلا گئے ہیں، کاروان بھٹو کو ٹرین مارچ کہہ رہے ہیں، ہم تو اپوزیشن کر رہے ہیں لیکن مخالفین ہم سے اپوزیشن بھی چھین لینا چاہتے ہیں۔ آصف زرداری میرے اور میں آصف زرداری کے ساتھ ہوں، زرداری بیک فٹ پر نہیں بلکہ ہم دونوں فرنٹ فٹ پر کھیلتے ہیں، صدر زرداری نے سندھ بھر کے دورے کئے، میں بھی کر رہا ہوں، نواز شریف نے بھی اسلام آباد لاہور مارچ کرکے مقاصد حاصل کیے تھے۔