کراچی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان یوم ارض فلسطین کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے فلسطین کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے لئے کراچی پریس کلب میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سیاسی و مذہنی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
دنیا بھر میں موجود فلسطینی عوام تیس مارچ کو فلسطین کا عالمی یوم ارض مناتے ہیں جبکہ گذشتہ برس اسی دن کو فلسطینیوں نے اپنے وطن واپسی کے حق کی تحریک یعنی حق واپسی مارچ کے مظاہروں کا آغاز کیا تھا جو تاحال جاری ہیں ،اسی سلسلے میں کراچی پریس کلب میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
مقررین کاکہنا تھا کہ فلسطین نہ صرف فلسطینیوں کا بلکہ پورے عالم اسلام اور بشریت کی نجات کا مسئلہ ہے اور فلسطین کی آزادی پوری انسانیت کی آزادی ہے،ان کاکہنا تھاکہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق بالخصوص فلسطینی عوام کے حق واپسی کو یقینی بنائیں تا کہ فلسطین کے باسی اپنے وطن میں جا کر زنگی گزار سکیں۔
اس موقع پر مقررین کی جانب سے گولان کی پہاڑیوں پر امریکہ کی جانب سے اسرائیلی قبضے کو تسلیم کرنے کی بھی مذمت کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ فلسطین میں حالیہ اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں جبکہ حکومت پاکستان اوردیگر مسلم ممالک کے رہنماؤں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما محفوظ یار خان کاکہنا تھا کہ دنیا بھر چاہے وہ کشمیر ہو فلسطین ہو یا روہنگیا ہو ہمیں مظلوم کا ساتھ دینا ہے ۔