ریجینا کے رضاکار مسلمانوں کیلئے نئے قبرستان قائم کرنے کیلئے کوشاں
ریجینا میں رضاکاروں کا ایک گروپ مقامی مسلمان برادری کیلئے نیا قبرستان
قائم کرنے کے غرض سے فنڈز اکٹھے کررہا ہے۔ ریجینا مسلم سیمیٹری پروجیکٹ
ڈائریکٹر عدنان چیمہ کا کہنا ہے کہ جب کوئی فرد فوت ہوجاتا ہے تو اسکی
تدفین کیلئے چھ سے سات ہزار ڈالر کی ضرورت ہوتی ہے۔ اور بہت بار ایسا ہوتا
ہے کہ اہل خانہ کے پاس اتنے پیسے نہیں ہوتے۔گروپ کے رضاکار اسلامک سوسائٹی
آف ریجینا کی کمیٹی کے تمام ارکان ہیں جو کہ مسلمان برادری کیلئے سستے
تدفین کے انتظامات کرنے کیلئے فنڈ جمع کررہی ہے۔ اس وقت یہ برادری ریور
سائڈ میموریل پارک سیمیٹری استعمال کرتی ہے جو کہ سٹی ٓف ریجینا کی جانب سے
چلایا جاتا ہے لیکن چیمہ کا کہنا ہے کہ غیر منافع بخش قبرستان تدفین کے
اخراجات میں نمایاں کمی کر کے اسے ایک ہزار ڈالر تک لے جائے گا جو کہ
قبرستان کی آپریشنل اور مرمت کی لاگت میں استعمال ہوں گے۔ چیمہ کا کہنا تھا
یہ اقدام لوگوں کے فلاح وبہبود کیلئے ہے اور اس میں انکا اپنا کوئی منافع
نہیں۔ یہ گروپ دس ایکڑ زمین کی خریداری کی جانب دیکھ رہا ہے جس میں دس ہزار
قبروں کی جگہ موجود ہو۔ یہ پچاس سال تک اس کمیونٹی کیلئے خدمات سر انجام
دینے کیلئے کافی ہوگا۔اب تک گروپ کو اس منصوبے کیلئے مطلوبہ رقم تین لاکھ
ڈالر میں سے 42ہزار ڈالر حاصل ہوچکے ہیں۔