جمرود، جتنا زور لگانا ہے لگالو حکومت کہیں نہیں جائے گی، عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو اسلام آباد میں دھرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی زرداری جیل جائیں گے۔جیلوں سے بچنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ قوم کا پیسہ واپس کرو، مولانا کی اب باری نہیں آئے گی، قبائلیوں کے نقصان کا ازالہ کروں گا۔
جمرود میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں پہلا شخص تھا جس قبائلی علاقوں میں فوج بھیجنے کی مخالفت کی تھی، فوج کو بھیجنے کی وجہ سے فوج اور قبائلی عوام دونوں کے ساتھ زیادتی ہوئی، 1948 میں قبائل نے کشمیریوں کا ساتھ دیا جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی قبائلیوں نے بے پناہ قربانیاں دیں۔ قبائلی علاقوں میں جو نقصان ہوا ہے اس کا کسی کو اندازہ نہیں ہوا، پوری کوشش کروں گا کہ آپ کے کاروبار چلیں اور آپ کا نقصان پورا ہو، نوجوانوں کو سود کے بغیر قرضے ملیں تاکہ وہ اپنے کاروبار چلاسکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم خیبر میں پانی کی فراہمی کے لیے جبہ ڈیم بنائیں گے، اس ڈیم سے 10 لاکھ لوگوں کو پینے کا پانی ملے گا، کاشت کاروں کو پانی فراہم کرنے کے لیے باڑہ ڈیم بھی بنائیں گے، واٹرسپلائی اسکیم بھی بنائیں گے اور خیبر میں 12 بائی پاس بناکردیں گے جب کہ طورخم کی بارڈر کو 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں افغانستان میں امن کیلئے دعا گو ہوں، میرا مشورہ افغانستان کےاندرونی معاملات میں مداخلت نہیں، افغانستان میں امن ہمارے اپنے مفاد میں بھی ہے، تجربے کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں کہ افغانستان میں عبوری حکومت سے الیکشن کرایا جائے کیوں کہ اگر کسی جماعت نے الیکشن کا نتیجہ نہ مانا تو وہاں پھر انتشار ہوگا، عبوری حکومت سے الیکشن پر کوئی انگلی نہیں اٹھائے گا۔